اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف امریکہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
ڈاکٹر معید یوسف اپنے دورہ امریکہ میں ہم منصب جیک سلیوان سمیت دیگر اعلیٰ امریکی عہدیداران سے بات چیت کریں گے۔ بات چیت میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر متعلقہ امور پر گفت و شنید کی جائے گی۔
اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف کی دورہ امریکہ میں سینئر عہدیداران سمیت کانگریس کے اراکین سے بھی ملاقات شیڈول ہے۔
ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر معید یوسف امریکہ میں قیام کے دوران امریکی تھنک ٹینکس، امریکی ذرائع ابلاغ اورامریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ڈاکٹر معید یوسف ایک ایسے وقت میں امریکہ پہنچ رہے ہیں کہ جب ایک جانب امریکہ کے سیکریٹری خارجہ جوبائیڈن کابینہ میں ذمہ داری ملنے کے بعد پہلی مرتبہ بھارت کے دورے پر صبح بھارت پہنچ رہے ہیں تو دوسری جانب افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی میں مزید تیزی آرہی ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ انتھونی بلنکن اپنے دورہ بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
واشنگٹن کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ انتونی بلنکن نئی دہلی کے ساتھ انسانی حقوق کا معاملہ اٹھائیں گے۔
امریکی وزارت خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ اپنے دورہ بھارت میں انسانی حقوق کے ریکارڈ کے ساتھ ساتھ مذہب کی بنیاد پر شہریت کے قانون پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ میں کمی کے لیے امریکہ اور بھارت قریبی سیاسی اور سیکورٹی کے تعلقات استوار کر رہے ہیں۔