اسلام آباد: رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے خلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی۔
قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان مندر واقعے کی مذمت کرتا ہے، ایوان اعادہ کرتا ہے کہ مندر واقعے پر پوری قوم اقلیتوں کے ساتھ ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی میں رحیم یار خان میں مندر جلانے کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد تحریک انصاف کے اقلیتی رکن روی کمار نے پیش کی، جس میں رحیم یار خان میں مندر کے جلاؤ گھیراؤ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ مندر جلانے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کے جھنڈے میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہمارے لیے ضروری ہے، پاکستان بھارت نہیں، یہاں کسی قسم کی فاشسٹ آئیڈیالوجی نہیں چل سکتی، مندر حملے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا ہونی چاہیے۔