قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس آج صدر کو بھیجے جانے کا امکان

اسلام آباد: آج صدر مملکت کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھیجے جانے کا امکان ہے۔
معاصر اخبار کے مطابق وزیراعظم کی ایڈوائس موصول ہونے کے ایک دن بعد صدر مملکت قومی اسمبلی تحلیل کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان اب تک عبوری وزیراعظم کے لیے کسی بھی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے، لیکن نگراں وزیراعظم کے لیے حفیظ شیخ کو کئی حلقوں کا پسندیدہ ترین شخص سمجھا جارہا ہے۔
وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا، اگر پارلیمانی کمیٹی بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچی تو معاملہ الیکشن کمیشن پر چھوڑ دیا جائے گا۔
گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ آج رات 10 بجے تک ہوجائے گا۔
اس سے قبل رانا ثناء اللہ نے بتایا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ کیے جانے والوں ناموں میں حفیظ شیخ کا نام بھی شامل ہے۔
وزیر داخلہ کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے لیے حفیظ شیخ یا دیگر ناموں پر ڈسکشن ہورہی ہے، ابھی کوئی نام لاک نہیں ہوا، آج شام یا کل تک نگراں وزیراعظم کا نام شاید فائنل ہوجائے۔

Dissolve SummaryNational assemblyPrime Minister Shehbaz SharifTo President AlviToday Expected