اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ انتخابات کرانے کے لیے قومی اسمبلی میں دستور میں 26ویں ترمیم کا بل پیش کردیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا جس میں حکومت نے سینیٹ انتخابات سے متعلق آئینی ترمیم پیش کردی۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے 26 ویں آئینی ترمیمی بل کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ اس موقع پر اپوزیشن نے شور شرابا کیا اور اراکین نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔
بل میں سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے، دہری شہریت کے حامل شہریوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی ترامیم شامل ہیں۔ وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے ہو، آئین پڑھ لیا کریں آئین میں ترمیم لانا کیا غیر آئینی ہے، آپ لوگوں کی کیا عقل ہے۔ اپوزیشن نے شور کرتے ہوئے آوازیں لگائیں کہ ہلالہ نہیں ہونے دیں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے 25 نکاتی ایجنڈے میں پیپلزپارٹی کی بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر تحریک التوا، مسلم ن لیگ کی جانب سے کاٹن کی فصل کم ہونے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہیں۔
اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹ بھی پیش کی جائیں گی اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود یونیورسٹی آف اسلام آباد کے قیام کا بل بھی پیش کریں گے۔