ایم کیو ایم کوئی راستہ نظر نہ آنے پہ کورونا پر سیاست کررہی ہے، ناصر شاہ

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر شاہ کا خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو جب کوئی راستہ نظر نہیں آرہا تو کورونا پر سیاست کررہے ہیں، خالد مقبول صدیقی کے ہر بیان میں نفرت اوربے بسی نظر آتی ہے، جب ایم کیو ایم نے کراچی کے فیصلے کیے تو قتل و غارت اور بھتہ خوری عروج پر آگئی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت سندھ وبا سے لڑ رہی ہے اور آپ وبا بننے کی کوشش نہ کریں، آپ تاجر برادری کو بھڑکا کر پھر اپنے لیے بھتہ خوری کا راستہ بنانا چاہتے ہیں، یہ آپ کی سیاست ہم اور تاجرحضرات بخوبی جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی بقا کی جنگ لڑنے میں کراچی کو کورونا کی طرف دھکیل رہی ہے، پی ٹی آئی کے لوگ کراچی میں لاک ڈاؤن پر کڑی تنقید کررہے تھے، اب وفاق نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے تو کیوں آپ کو سانپ سونگھ گیا ہے، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کچھ دوست سارا دن منافقت کی سیاست کرتے ہیں، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست اب کووڈ ٹیسٹ اور ویکسین تک محدود ہوگئی ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ ویکسی نیشن مراکز پر جاکر جس طرح انتشار پھیلاتے ہیں اس پر ان کو شرم آنی چاہیے، عید کو دو ہفتے ہوچکے مگر ایم کیو ایم کو ابھی تک آلائشیں یاد آرہی ہیں، اگر ایم کیو ایم کو لوگوں نے قربانی کے جانوروں کی کھالیں نہیں دیں تو ہم کیا کریں؟، خدا کے واسطے کھالوں اور کووڈ کی سیاست سے نکلیں اپنے گریبان میں جھانکیں۔

information minister sindhMQM pakistanNasir hussain shahPTI