لاہور: گلوکارہ نصیبو لعل نے کہا ہے کہ سوچا نہ تھا پی ایس ایل کے ترانے کو اتنی پذیرائی ملے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا گانا پاکستان کے لیے گایا، سوچا نہ تھا کہ اتنی پذیرائی ملے گی یہ کامیابی اللہ پاک نے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے جب کال کی تو یقین نہیں آیا پہلی بار ایسا گانا گایا ہے، آج تک مجھ سے ترانہ نہیں گوایا گیا۔ جب گانا کیا تو ڈر تھا کہ کہیں فلاپ نہ ہوجائے۔
انہوں ںے کہا کہ جن لوگوں نے مجھے لائیک کیا ان کی شکر گزار ہوں۔ پاکستان کا گانا ہے اور پاکستان کا فخر ہے، پاکستان کے لیے گایا ہے۔ نصیبو لعل کا کہنا تھا کہ یہ گانا اونچے سُر کا تھا میں نے گادیا۔ یہ ترانہ پاکستان کی بات تھی اس لیے جذبے بلند تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے آفیشل اینتھم ’گروو میرا‘ کو ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مختلف ٹرینڈز سے یہی تاثر ابھرا کہ شائقین کو یہ ترانہ پسند نہیں آیا۔
دوسری جانب اداکارہ مہوش حیات نے ترانے کے لیے پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اب تک نہیں سمجھ سکی کہ اس گانے میں لوگوں کو مسٔلہ کیا ہے؟ یہ ترانہ اپنی نوعیت کے لحاظ سے بولڈ اور نئے انداز پر مبنی ہے، مجھے تو پی ایس ایل 2021 کا گیت بے حد پسند آیا۔
سوشل اور مین اسٹریم میڈیا پر جاری بحث سے قطع نظر اپنے مخصوص انداز کے باعث شناخت رکھنے والی گلوکارہ نصیبو لعل کا اس حوالے سے یہ پہلا ردعمل ہے۔