واشنگٹن: مریخ پر بھیجے گئے ناسا کے ہیلی کاپٹر مشن Ingenuity نے اپنا مشن مکمل کرلیا ہے جو دوسری زمینوں کی تلاش کے ایک نئے دور کو نشان زد کرتا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کی خلائی ایجنسی ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے مریخ پر ناسا کے 3 سالہ مشن کے اختتام کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ ابتدائی طور پر انجینوئٹی کو 30 دن کے مشن کے لیے مقرر کیا گیا تھا، لیکن اس مدت کو بڑھاتے ہوئے مشن کی مدت تین سال تک بڑھادی گئی۔
1.8 کلوگرام وزنی شمسی توانائی سے چلنے والے ہیلی کاپٹر نما روبوٹ نے اپریل 2021 میں اپنے تاریخی سفر کا آغاز کیا۔ پورے مشن کے دوران مشین نے 72 پروازیں مکمل کیں، جس نے مجموعی طور پر ابتدائی متوقع شدہ فاصلے سے 14 گنا زیادہ فاصلہ طے کیا۔
ناسا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انجینوئٹی نے مستقبل کے دیگر سیاروں پر بھیجے جانے والے مشنز کے لیے قیمتی بصیرت فراہم کی ہے اور خلا میں دیگر اجسام کی تلاش کے طریقوں کو مزید آسان کردیا ہے۔