نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی سے تین اہم سوالات کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی مفادات کو ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے قربان کر دیا اور بھارت کی عزت کا سودا کیا۔
راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا کہ مودی جی کھوکھلی تقریریں بند کریں اور عوام کو اصل حقائق بتائیں۔
راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی سے تین سوالات کیے:
آپ نے پاکستان کے دہشت گردی سے متعلق بیان پر یقین کیوں کیا؟
آپ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے جھک کر بھارتی مفادات کو کیوں قربان کیا؟
آپ کا غصہ صرف کیمروں کے سامنے ہی کیوں آتا ہے؟
راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے بھارت کی ساکھ کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے غیر ضروری سفارتی دورے کررہی ہے، جو "ویپنز آف ماس ڈسٹریکشن” بن چکے ہیں۔
خیال رہے کہ کانگریس پارٹی نے آپریشن سندور کے دوران حکومت کی حمایت کی تھی، لیکن جنگ بندی کے بعد اپوزیشن نے بی جے پی پر شدید تنقید شروع کردی ہے۔