اسلام آباد: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اگر بھارت اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتا تو ہم کیسے بھارت جائیں، ایشیا کپ کے میچز نیوٹرل مقام پر رکھنے کی تجویز دی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے خلاف ہم نے اپنے ٹاپ پلیئرز کو آرام دیا اور سیریز کے لیے اے ٹیم کو بھیجا تھا کیونکہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ٹیسٹ کرنا تھا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ اس سیریز کے ٹیسٹ میں کچھ لوگ فیل ہوگئے اور کچھ کامیاب ہوگئے البتہ یہ بھی حقیقت ہے کہ دبئی اور پی ایس ایل والی پچز میں بہت فرق ہے۔ یہ ایک کامیاب تجربہ تھا کیونکہ ٹیم کے ساتھ مقامی کوچز تھے اور کوئی غیرملکی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے مقام کے تعین پر بات چیت جاری ہے، بھارت کا مؤقف ہے کہ ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر ہونا چاہیے جب کہ ہمارا موقف تھا کہ اگر آپ نہیں آئیں گے تو ہم کیسے بھارت جاسکتے ہیں، اگر بھارت کا یہ سیاسی مسئلہ ہے تو ہمارا بھی یہ سیاسی مسئلہ ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کو تجویز دی کہ پاکستان اپنے میچز پاکستان میں کھیلے اور بھارت والے نیوٹرل مقام پر ہوں۔
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ میرے پاس پی سی بی کا اعزازی عہدہ ہے، مجھے کچھ نہیں ملتا، پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا مینڈیٹ چار ماہ کا ہے، اگلے ماہ یہ مینڈیٹ پورا ہوجائے گا جس کے بعد الیکشن ہوں گے۔
انہوں نے ساتھ میں یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل واپس ٹریک پرآچکا ہے، لیگ کا شاندار انعقاد ہماری بڑی کامیابی ہے۔