اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تین ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔
نیب نے شہباز شریف، سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔
نیب کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور ان کے خاندان کے دیگر افراد نے بے نامی اکاؤںٹس سے جائیدادیں بنائیں۔
ریفرنس میں شہباز شریف پر 7 ہزار 328 ملین روپے کے ناجائز اثاثوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ شہباز شریف اور ان کے بیٹے اپنے ملازمین اور ساتھیوں کے نام پر بے نامی کمپنیاں بھی چلاتے رہے۔
شاہد خاقان عباسی اور ان کے بیٹے عبداللہ خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
آغا جان اختر، شیخ عمران الحق، سعید احمد خان، عامر نسیم، عظمیٰ عادل، شاہد ایم اسلام، حسین داؤد اور دیگر کو بھی ریفرنس میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
نیب اعلامیہ کے مطابق ملزمان نے ایل این جی ٹرمینل ون کے ٹھیکے میں خزانے کو 14 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا، انہوں نے دوسرے ایل این جی ٹرمینل کو استعمال میں نہ لاکر سات ارب روپے سے زائد کا نقصان کیا۔ ملزمان کے اختیارات کے ناجائز استعمال سے ستمبر 2019 تک ساڑھے 21 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں پاکستانی سفارت خانے کی عمارت غیر قانونی طور پر فروخت کرنے پر دفتر خارجہ کے حکام کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔