اسلام آباد: نیب نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا۔
نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں ریفرنس تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس افسر وقار الحسن نے دائر کیا جو دو جلدوں پر مشتمل ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے دائر نیا توشہ خانہ ریفرنس کا رجسٹرار احتساب عدالت جائزہ لیں گے، اعتراضات دور کرنے کے بعد ریفرنس احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج کو بھجوایا جائے گا، جس کے بعد ایڈمنسٹریٹو جج ریفرنس پر خود یا کسی دوسری احتساب عدالت کو منتقل کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
ایڈمنسٹریٹو جج ناصرجاوید رانا پہلے ہی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کررہے ہیں۔
نیب نے عمران خان اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی تھی اور دونوں کو 13 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا جب کہ دونوں تفتیش کے لیے 37 دن نیب کی تحویل میں رہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کو نیب کی جانب سے سوال نامہ بھی فراہم کیا گیا تھا اور دونوں ملزمان نے سوال نامے کے جوابات نیب کو جمع کرا دیے تھے، جس کے بعد تفتیش مکمل ہونے پر 19 اگست کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جوڈیشل کردیا گیا تھا۔