کراچی: ٹی وی کی مقبول اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اتنے پیسے بھی نہیں کہ گھر کا کچن چل سکے۔
ایک انٹرویو کے دوران صحیفہ جبار نے بتایا کہ میں پٹھان فیملی سے تعلق رکھتی ہوں لیکن اس کے باوجود ہماری فیملی پڑھائی اور شادی کے حوالے سے کسی زور زبردستی کی قائل نہیں۔
صحیفہ جبار خٹک کے مطابق میں شروع سے ہی پڑھائی بالخصوص ریاضی اور اکاؤنٹنگ میں اچھی تھی، لیکن شوبز میں آنے سے متعلق کبھی نہیں سوچا تھا، یونیورسٹی لائف کے دوران کزن کے فیشن ہاؤس کے لیے ماڈلنگ کی اور پھر یہ سلسلہ شروع ہوگیا، بعدازاں شادی سے کچھ دن قبل اداکاری کے لیے آڈیشن کی کال آئی اور سلیکشن ہوگئی۔
شوبز آمدن سے متعلق صحیفہ جبار خٹک کا کہنا تھا کہ ہمارے ڈراموں میں اتنے بھی پیسے نہیں کہ آپ کا کچن چل سکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ڈرامہ ایسا ہے جو 4 سے 6 مہینے تک شوٹ ہورہا ہے تو اس کے چیک بھی اسی دوران آتے ہیں اور پھر یہ معاوضہ اداکاروں کو قسطوں میں ملتا ہے۔
صحیفہ جبار نے مزید کہا کہ اگر مجھے صرف ڈراموں پر انحصار کرنا پڑے تو میرا کچن نہیں چل سکتا، یہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب میں سال بھر میں 4 پروجیکٹس کروں، روزانہ شوٹنگ پر جاؤں، سوشل میڈیا سے بھی آمدن جاری ہو تب تو میرا کچن چل سکتا ہے۔