اسلام آباد: آئینی ترامیم کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوگئی، جس میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی آئینی عدالتوں کے قیام سے پیچھے ہٹ گئیں۔
چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ کی زیر صدارت خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں اور جے یو آئی میں آئینی عدالت کے قیام کی 26ویں آئینی ترمیم ڈراپ کرنے اور آئینی بینچ کی تشکیل پر اتفاق ہوگیا۔
حکومت اور جے یو آئی نے مشترکہ مسودے پر پی ٹی آئی سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔ مولانا فضل الرحمان حتمی مسودہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ شیئر کریں گے اور مسودے کی تیاری حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔
پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا جو کل نماز جمعہ کے بعد دوبارہ ہوگا۔
رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئینی ترمیم سے متعلق اتفاق رائے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا مسودے پر اتفاق ہوگیا ہے، آج پی ٹی آئی نے مسودہ نہیں لیا، وہ آج شام جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ بیٹھے گی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج بہت اچھی خبریں ملیں گی انتظار کریں۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ اتفاق رائے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں، بس اب ایک پھونک کی دیر ہے، جو کمیٹی مارے گی، آج کمیٹی میں بہت اچھی گفتگو ہوئی، اس مسودے پر مسلم لیگ ن سمیت قریباً سب کا اتفاق ہوگیا ہے۔
قبل ازیں آج کے اجلاس میں آئینی ترمیم سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی نے جبر کے ذریعے ایم این ایز پر دباؤ ڈالے جانے اور ان کے اہل خانہ کے اغوا کا معاملہ اٹھادیا۔
تحریک انصاف کے عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر نے آئینی ترمیم کی مخالفت کردی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا مسودہ تیار ہے تب دیں گے جب بانی سے ملاقات ہوگی۔