کراچی: یہ سوال کافی تیزی کے ساتھ شہر کراچی میں گردش کررہا ہے کہ کیا مرتضیٰ وہاب کراچی کے ایڈمنسٹریٹر بننے والے ہیں؟ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کی صوبائی کابینہ کے کئی اراکین نے مخالفت کی تھی، تاہم وزیراعلیٰ سندھ کی تجویز پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی امریکا سے وطن واپسی اگلے ہفتے متوقع ہے، اُن کے آنے پر مرتضیٰ وہاب کا بطور ایڈمنسٹریٹر نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ مرتضیٰ وہاب ابھی سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر ماحولیات اور دیگر ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔