اسلام آباد: مراد سعید نے بلاول بھٹو زرداری کو بوکھلاہٹ کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم پر الزامات لگاکر اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ آج فرزند زرداری کرپشن پر بات کررہا تھا۔ ان کا سارا خاندان کمیشن اور بھتہ خوری سے پہچانا جاتا ہے۔ ایک پرچی پر لیڈر بننے والے بلاول بھٹو نہ تو پارٹی کے ورکر رہے اور نہ ہی ان کی کوئی جدوجہد ہے۔ جب اسمبلی میں مجھے مائیک ملتا ہے تو وہ نو دو گیارہ ہو جاتے ہیں۔ اسمبلی کے دروازے بند کردینے چاہئیں، تاکہ ان کو فرار کا موقع نہ ملے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ امپائر بھی بلاول بھٹو کی مرضی کے ہوں گے، وہ بتائیں کون سے فورم پر ڈبیٹ کرنی ہے۔ پرچی پر رٹا لگانے والے اور سیاسی ورکر کا قوم کو پتا چل جائے گا۔ میں ان کے چیلنج کو قبول کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ 54 سال بعد سیکیورٹی کونسل میں دو دفعہ مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی۔ پاکستان کی فارن پالیسی بہتر ہونے سے بلاول کو دکھ پہنچا۔ آپ چھپ نہیں سکتے، ہم نے آپ کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔