اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے بلاول بھٹو کی قومی اسمبلی کی تقریر کے ردعمل میں کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کوئی دلیل نہ جواب، صرف بڑھکیں مارتی ہے، بلاول کو اتنا خوف ہے جواب سنے بغیر ہی ایوان سے چلے گئے، کیا اپنی بات کرکے نو دو گیارہ ہونا ہی جمہوریت ہے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا، اپنے دور میں کلبھوشن کا نام لینے سے کترانے والے آج ہمیں سکھارہے ہیں، آئی سی جے میں بھارتی وکلا نے کس سیاست دان کے بیان کا سہارا لیا۔ انہوں نے کہا یہ جمہوریت کو نہیں سمجھتے، نہ جواب سننے کی ہمت ہے، خوف اتنا تھا کہ کورم کی گنتی تک پارلیمنٹ میں نہیں رکے۔
مراد سعید کا کہنا تھا بلاول این آر او کی بات کررہے تھے، ریمنڈ ڈیوس کو کس نے واپس بھیجا، ریمنڈ ڈیوس کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر لاٹھی چارج کیا گیا، ریمنڈ ڈیوس کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر مقدمات بنے، قوم بھولی نہیں، ڈرون حملوں سے متعلق آصف زرداری نے کچھ نہیں کیا، کلبھوشن کی سرگرمیوں کو آپ نے کبھی بحث کا حصہ کیوں نہیں بنایا؟ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو ان سے پوچھتے کلبھوشن کا نام کیوں نہیں لیتے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا پرچی کی بنیاد پر سیاست میں آنے والے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، سندھ میں کیا کچھ ہورہا ہے اس پر بلاول بھٹو بات نہیں کرتے، ایوان سے فرار نے ثابت کردیا پرچی کی سیاست کیا ہوتی ہے؟ بلاول ٹوئٹر ٹوئٹر کھیلتے ہیں، سندھ پر بات نہیں کرتے، بلاول کو علم نہیں پاکستان میں کیا ہورہا ہے، بلاول کے والد کو چینی پر سبسڈی ملی۔