کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نے گزشتہ برس کی طرح مکمل لاک ڈاؤن نہیں لگایا، عوام سے کہوں گا جزوی لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے میں ساتھ دیں۔ بیکریز، دودھ، اشیاء ضروریہ کی دُکانیں 6 بجے تک کھلیں رہیں گی۔ پٹرول پمپس کھلے رہیں گے۔ مارکیٹس بند ہوں گی۔ ہوٹلز سے صرف ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔ اگلے ہفتے ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 25 فیصد سے زائد ہوگئی ہے، 9 اگست کو لاک ڈاؤن کھولنے کی طرف جائیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک بار پھر اپیل کرتا ہوں کہ لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے میں مدد کریں، احتیاط نہ کی گئی تو ڈیلٹا وائرس بڑھے گا، ڈیلٹا ویریئنٹ سے سب سے زیادہ متاثر کراچی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مکمل لاک ڈاؤن نہیں ہے، بڑی ٹرانسپورٹ بند کررہے ہیں اور چھوٹی ٹرانسپورٹ ویکسی نیشن کے لیے کھلی رہے گی۔ اگلے 9 دن کے لیے قریباً سرکاری ادارے بھی بند کردیے ہیں، ریٹیل کاروبار بھی بند رہے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کابینہ میٹنگ سمیت امتحانات بھی ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیے جارہے ہیں جب کہ ریسٹورنٹس میں صرف ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔ میں نے آج تک جو بھی فیصلے کیے ڈاکٹرز سے مشاورت سے کیے۔
اس سے قبل کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کوبھی مدعو کیا گیا تھا۔ تاجروں و صنعت کاروں کے نمائندے بھی ٹاسک فورس اجلاس میں شریک تھے۔