کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ہم اب وفاق کے لیے ٹیکس جمع نہیں کریں گے۔
مراد علی شاہ نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے ہمیں آئین کے تحت ٹیکس جمع کرنے کا اختیار دیا ہے لیکن ہم اب وفاق کے لیے ٹیکس جمع نہیں کریں گے اور اس بارے میں، میں نے وزیر ایکسائز کو کہا کہ ٹیکس جمع نہ کرنے سے متعلق آگاہ کردیں۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ٹڈی دل دوسرا بڑا مسئلہ ہے، ٹڈی دل سے متعلق قومی ایکشن پلان وزیراعلیٰ نے بنایا ہے، ایریل اسپرے وفاق کا کام ہے، مرکز نے ٹڈی دل کے مسئلے پر صوبوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورت حال سے متعلق بیان میں کہا کہ آج شدید دکھ کے ساتھ بتارہا ہوں کہ 74 مریض انتقال کرگئے، آج 92 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، اس وقت 660 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، صوبہ بھر میں اس وقت 35026 مریض زیرعلاج ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوراں 8464 نمونے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1539 نئے کورونا مریض ظاہر ہوئے، وبا سے متاثر اب تک 81955 مریض سامنے آچکے اور 443757 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے سے متعلق کہا کہ یہ واقعہ ملکی سلامتی اور معیشت پر حملے کے مترادف ہے، واقعے کی مکمل تفصیلی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔