اسلام آباد: سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کردیا گیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 15 جنوری کو ہی صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس میں کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر غور کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس میں سندھ حکومت کا 15 جنوری کو کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا فیصلہ مسترد کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 15 جنوری کو ہی مکمل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی، حیدرآباد اور دادو میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا اعلان کیا ہے جب کہ جماعت اسلامی نے سندھ حکومت کے فیصلے پر آج دھرنے کا اعلان کیا ہے۔