کراچی: جمعہ کو انتقال کرجانے والے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان منور حسن کی نمازِ جنارہ ادا کردی گئی، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مرحوم منور حسن کی نمازِ جنازہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پڑھائی۔ نمازِ جنازہ ناظم آباد عیدگاہ گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں امیر جماعت اسلامی (کراچی) حافظ نعیم الرحمان، معراج الہدیٰ صدیقی، رکن سندھ اسمبلی شید عبدالرشید، جماعت کے ذمے داران و کارکنان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے دوران کورونا احتیاطی تدابیر کا بھرپور خیال رکھا گیا جب کہ شرکاء نے منہ پر ماسک لگائے رکھا۔
نمازِ جنازہ کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکات اس فیض سے محروم ہوگئیں، عالم افریقا، عالم یورپ، کشمیر، فلسطین و افغانستان سے مسلم نمائندگان کی جانب سے سید منور حسن کے لیے پیغام ملا ہے، سید منور حسن کے ساتھ کارکنان بے انتہا محبت رکھتے ہیں۔
بعدازاں مرحوم منور حسن کی تدفین سخی حسن قبرستان میں کی گئی۔