ملتان: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر مہمان ٹیم کے خلاف 86 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے۔
ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 8 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر صائم ایوب 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنائے۔ یہاں عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے ٹیسٹ میں اپنی پانچویں سنچری بنائی۔
عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 151 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 4 سال بعد کیریئر کی 11 ویں سنچری اسکور کی جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کو چوتھا نقصان بابراعظم کی صورت اٹھانا پڑا جو 30 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پہلے دن کے اختتام پر سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔
کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ بڑے اسکور کی کوشش کریں گے اور اندازہ ہے کہ بڑی دیر سے جیت نہیں سکے، ہم تین فاسٹ اور دو اسپنرز کے ساتھ کھیلیں گے۔
انگلش کپتان اولی پوپ نے کہا کہ پچ میں نمی موجود ہے لہٰذا جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔
خیال رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔ انگلینڈ سے قبل بنگلادیش نے پاکستان کو اس کی ہی سرزمین پر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔