کابل: افغانستان کے نائب وزیراعظم اول اور طالبان کے نائب امیر ملاعبدالغنی برادر نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عالمی برادری سے بغیر کسی سیاسی تعصب کے افغان عوام کے ساتھ تعاون کی اپیل کردی۔
ملا عبدالغنی برادر کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ افغانستان میں لوگوں کے پاس کھانا، رہائش، گرم کپڑے اور پیسے نہیں، سرد موسم نے افغان عوام کی حالت زار کو مزید خراب کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی پابندیوں نے جہاں لوگوں کے لیے معاشی مسائل پیدا کیے وہیں عوام کو روزگار دینے کے لیے گزشتہ 20 برسوں میں کوئی انفرا اسٹرکچر نہیں بنایا گیا۔
افغان نائب وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ دنیا کو بغیر کسی سیاسی تعصب کے افغان عوام کی مدد کرنا ہوگی اور افغانستان کے معاملے پر اپنی انسانی ذمے داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان ملک بھر میں عالمی امداد کی تقسیم میں مدد کے لیے تیار ہیں۔
ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ امارتِ اسلامی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور تمام سرکاری اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوام کی ہر ممکن مدد کریں۔
خیال رہے کہ افغانستان میں انسانی بحران کا خدشہ ہے اور معاشی حالات ابتر ہوتے جارہے ہیں۔
عالمی ادارے خبردار کرچکے کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے کے ساتھ افغانستان کے 38 ملین افراد میں سے نصف آبادی کوبھوک کا سامنا کرنا پڑے گا۔