لندن: برطانیہ اور ویلز میں محمد نام لڑکوں میں مقبول ترین بن گیا ہے۔
آفس فار نیشنل اسٹیٹسٹکس کے اعداد و شمار میں مختلف اسپیلنگ والے محمد ناموں کو ایک ساتھ نہیں ملایا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر مختلف اسپیلنگ والے محمد ناموں کو ایک ساتھ ملایا جائے تو یہ نام کئی سال تک کے لیے مقبول ترین نام ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ اور ویلز میں نوح مقبول ترین نام تھا، جسے اب محمد نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
2022 میں محمد نام 4 ہزار 177 بار رجسٹرڈ ہوا تھا جب کہ 2023 میں محمد نام 4 ہزار 661 مرتبہ رجسٹر ہوا۔ یہ دونوں نام لندن، ویسٹ مڈلینڈز، یارک شائر اور نارتھ ویسٹ جہاں مسلمانوں کی آبادی زیادہ ہے، میں بہت مقبول رہے۔ 2023 کے ٹاپ 100 مقبول ترین ناموں میں یوسف، موسیٰ اور ابراہیم بھی شامل ہیں۔
انگلینڈ اور ویلز میں لڑکوں کے ناموں میں تیسرا مقبول ترین نام اولیور تھا جس کے بعد جارج اور لیو تھے۔ لڑکیوں میں اولیویا مسلسل آٹھویں سال 2023 میں بھی مقبول ترین نام رہا جب کہ ایمیلیا اور اسلا دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
مسلمان خاندانوں میں 2023 میں ٹاپ 100 مقبول ناموں میں لڑکیوں کے لیے لیلیٰ، مریم اور فاطمہ شامل ہیں۔ او این ایس کے مطابق والدین کی جانب سے بچوں کا نام رکھنے میں مقبول کلچر کا اثر رہا۔