منامہ: عالمی چیمپئن محمد آصف نے عالمی ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کے وجے نجانی کو شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔
بحرین کے دارالحکومت منامہ میں کھیلے گئے عالمی ماسٹر اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کھلاڑی عالمی چیمپئن محمد آصف نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارتی حریف وجے نجانی برجیش دامانی کو 3-4 سے قابو کرکے ٹائٹل پر قبضہ جمایا۔
منامہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فائنل میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ ہوا، ایک موقع پر مقابلہ2-2 فریمز سے برابر تھا۔
آخری فریم میں پاکستانی کیوسٹ نے اپنی بالادستی قائم کرکے بھارتی حریف کو شکست سے دوچار کیا اور عالمی ماسٹر چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔
محمد آصف نے سیمی فائنل میں بھارت ہی کے منان چندرا کو 2-4، کوارٹر فائنل میں میزبان کھلاڑی حبیب صباح کو 0-4 اور پری کوارٹر فائنل میں متحدہ عرب امارات کے کیوسٹ محمد شہاب کو 2-4 سے شکست دی تھی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے محمد آصف کو اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ محمد آصف نے شاندار کارکردگی سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، عالمی مقابلے میں کامیابی پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیت، عزم اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔