کراچی: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ایک بیان پر ممتاز عالم دین مفتی منیب الرحمان نے تصحیحی نوٹ جاری کیا ہے۔
مفتی اعظم پاکستان منیب الرحمان نے خان صاحب کا فرمان کے نام سے ٹوئٹ میں ایک نوٹ درج کیا، جس میں عمران خان پر واضح کیا گیا تھا کہ خان صاحب نے فرمایا ہے کہ قرآن کی آیت ہے: دوسروں کے عیبوں پر پردہ ڈالو، ان سے گزارش ہے کہ قرآنِ کریم میں ایسی کوئی آیت نہیں۔
مفتی منیب نے وضاحت کرتے لکھا کہ قرآنِ کریم میں اللّٰہ تعالیٰ نے عیب جوئی، طعن و تشنیع، ٹوہ لگانے، تمسخر اُڑانے، برے ناموں سے پکارنے، بدگمانی، تجسس اور غیبت سے منع فرمایا ہے، البتہ حدیثِ پاک میں دوسروں کے عیوب پر پردہ ڈالنے کی ترغیب بھی دی گئی ہے اور اس کا اجر بھی بیان فرمایا گیا ہے مگر یہ سب کے لیے ہے، نیز عزت کمانے کے لیے دوسروں کی عزت کرنی پڑتی ہے۔
مفتی منیب الرحمٰن نے اپنے بیان میں دعا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہم عاجز بندوں سمیت خان صاحب اور سارے سیاسی قائدین کو کتاب و سنت کے احکام پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔