اسلام آباد / کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران مختلف امور پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم کے وفد میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر امین الحق اور حیدر عباس رضوی شامل تھے جب کہ اس موقع پر وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات کے دوران ملک اور صوبہ سندھ کی مجموعی سیاسی صورت حال اور کراچی پیکیج سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے لاپتا کارکن، سیاسی دفاتر کی واپسی، کراچی پیکیج اور ترقیاتی کاموں میں تاخیر کا معاملہ اٹھادیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہماری اہم اتحادی ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی لاپتا کارکنان اور ایف آئی آر کے حوالے سے وزارت داخلہ معاملے کو دیکھ کر آئین و قانون کے تحت اپنا کردار ادا کرے جب کہ کراچی پیکیج اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مشاورت میں ایم کیو ایم کو بھی شامل رکھا جائے گا۔