کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) سندھ حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی، کراچی کے حقوق کے لیے پیپلز پارٹی کے خلاف ریلی نکالی۔ اس کے باعث ٹریفک کے حوالے سے صورت حال بھی بے قابو ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
ایم کیو ایم متعدد بار کراچی کے حقوق کے لیے سڑکوں پر احتجاج کرچکی ہے، اب ایک مرتبہ پھر متحدہ قومی موومنٹ سندھ حکومت کے خلاف سڑکوں پر آئی ہے، ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کے خلاف حسن اسکوائر سے شارع فیصل تک حقوق کراچی ریلی نکالی۔
ریلی کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی قیادت کررہے ہیں، رؤف صدیقی، کنور نوید جمیل، وسیم اختر سمیت دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔ ریلی میں ایم کیوایم کی خواتین سمیت بڑی تعداد میں کارکنان موجود ہیں۔
احتجاجی ریلی کے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جب کہ ریلی کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہے۔ جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ فوارا چوک اور اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔ گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑا جارہا ہے۔