کراچی: فنکاروں نے موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پر شکر ادا کرتے ہوئے ملزم کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے مرتکب مرکزی ملزم عابد ملہی کو واقعے کے 33 روز بعد دو دن قبل فیصل آباد کے علاقے مانگامنڈی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم کی گرفتاری پر فنکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عابد ملہی کو عبرت ناک سزا دی جائے۔
اقرا عزیز نے ٹوئٹر پر کہا موٹروے حادثے کے قریباً ایک ماہ بعد بالآخر واقعے کا مرکزی ملزم عابد ملہی پولیس کی گرفت میں ہے۔ قانون کو غالب آنا چاہیے اور اس کے ساتھ بالکل بھی رحم دلی نہ برتی جائے۔
عدنان صدیقی نے ٹوئٹر پر لکھا، لاہور موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم پولیس کے جال میں ہے تو کیا ہم براہ کرم انصاف کو یقینی بنائیں گے۔ کہتے ہیں انصاف میں تاخیر کرنا انصاف کرنے سے انکار کرنا ہے۔ ملزم کو اس گھناؤنے جرم کی ایسی سزا دی جائے جو سب کے لیے عبرت ناک مثال بنے۔
اداکارہ صنم سعید نے عابد ملہی کی گرفتاری پر شکرادا کرتے ہوئے لکھا انصاف غالب ہو۔ اس طرح کے گھناؤنے جرم پر ملزم کے ساتھ کوئی رواداری اور رحم دلی نہ برتی جائے۔ جو بھی سزا کا فیصلہ ہوگا اس کا مقصد مزید اس طرح کے جرائم کی روک تھام ہونا چاہیے۔ یہ معاملہ ماضی کے معاملات کے مقابلے میں زیادہ موثر ثابت ہو۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے ڈاکٹر شہباز گل کی ٹوئٹ جس میں انہوں نے عابد ملہی کی گرفتاری کی خبر دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ان شاء اللہ اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی‘‘ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا، بالآخر۔