لاہور: موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو پولیس نے 20 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے کہا کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے جس پر اس کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔
اس موقع پر ملزم عابد نے عدالت کے سامنے بیان دیا کہ پولیس بیوی بچوں سے نہیں ملنے دے رہی، اس پر عدالت نے کہا کہ پہلے یہ معاملہ دیکھ لیں پھر ملاقات بھی ہوجائے گی۔
بعدازاں عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 15 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
خیال رہے کہ عدالت نے ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا جہاں 12 اکتوبر کو متاثرہ خاتون نے ملزم عابد ملہی کو شناخت کرلیا تھا۔
اس کیس میں شریک دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے، دونوں ملزمان نے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ڈکیتی کے بعد خاتون سے اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کی تھی۔