لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کے ملزم شفقت کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں موٹروے خاتون زیادتی کیس میں گرفتار ملزم شفقت کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر سماعت ہوئی، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کی۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اب تک ملزم سے کیا تفتیش ہوئی ہے؟۔ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ملزم شفقت سے گاڑی کا شیشہ توڑنے والا ڈنڈا برآمد کرلیا ہے جب کہ مزید تفتیش ابھی جاری ہے، ابھی ملزم سے متاثرہ خاتون کے اے ٹی ایم اور نقدی برآمد کرنا ہے، ریکوری کے لیے ملزم کا 15 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم شفقت کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی،عدالت نے دس روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزم کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
واضح رہے کہ موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم شفقت کو سی ٹی ڈی پولیس نے دیپالپور سے گرفتار کیا تھا جب کہ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شفقت نے اعتراف جرم کرلیا ہے کہ وہ واردات کے روز جائے وقوعہ پر موجود تھا۔