امریکا سے متعلق والدہ کا بیان میڈیا نے غلط منسوب کیا، سجیب واجد

واشنگٹن: بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے اپنی والدہ کے امریکا کے خلاف بیان کا ملبہ بھارتی میڈیا پر ڈال دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کی وزیراعظم حسینہ واجد کی نہ ہوپانے والی تقریر کے حوالے سے بھارتی میڈیا پر ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی۔
اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حسینہ واجد مستعفی ہونے سے پہلے اپنی آخری تقریر میں عوام کو امریکی سازش سے آگاہ کرنا چاہتی تھیں کہ فضائی اڈا بنانے کے لیے جزیرہ نہ دینے کی پاداش میں ان کی حکومت ختم کی گئی۔
تاہم حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے اپنی والدہ سے منسوب اس بیان کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ میری امی سے بات ہوئی، انہوں نے ایسا کوئی بھی بیان دینے کی تردید کی ہے۔
سجیب واجد نے کہا کہ استعفے سے متعلق والدہ کا حالیہ بیان سراسر جھوٹ اور من گھڑت ہے۔ میری والدہ نے نہ تو ڈھاکا چھوڑنے سے پہلے اور نہ ہی بعد میں کسی کو کوئی بیان دیا ہے۔
شیخ حسینہ واجد کے بیٹے نے میڈیا سے اپیل کی کہ بغیر تصدیق کیے کوئی بھی بیان جاری نہ کریں۔ ہم سب کو حالات کی کشیدگی اور نزاکت کا احساس کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ حسینہ واجد طلبا تحریک کے نتیجے میں 31 جولائی کو استعفیٰ دے کر بھارت روانہ ہوگئی تھیں، لیکن انہیں بتادیا گیا تھا کہ وہ مستقل بنیادوں پر بھارت میں نہیں رہ سکتیں۔
جس کے بعد حسینہ واجد برطانیہ جانا چاہتی تھیں لیکن برطانیہ میں بھی پناہ نہیں ملی، جس کے بعد ان کا ارادہ فن لینڈ جانے کا ہے۔ دوسری جانب امریکا نے بھی ویزا دینے سے منع کردیا۔
اب امریکا کے خلاف حسینہ واجد کا بیان سامنے آنے پر معاملات مزید بگڑ سکتے ہیں اس لیے ان کے بیٹے سجیب واجد نے فوراً ہی امریکی مخالف بیان کی تردید کی۔

 

Former Bangladesh PMSajeeb WazedShaikh Hasina Wajid Son