قتل یا حادثہ: مٹھی میں دو بچوں کی ماں جھلس کر جاں بحق

مٹھی: کمرے میں آگ لگنے سے دو بچوں کی ماں نرودھا مہیشوری بری طرح جھلس کر زندگی کی بازی ہار گئی۔

تفصیلات کے مطابق ابتدا میں جاں بحق ہونے والی خاتون نرودھا کے شوہرسنیل اور دیگر سسرالیوں کا کہنا تھا نرودھا کمرے میں اکیلی تھی، بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، جس میں اس کی جان گئی۔

 البتہ خاتون کے بھائی کملیش مہیشوری نے سوشل میڈیا پراپنے ایک اسٹیٹس میں الزام لگایا ہے کہ ان کی بہن کو شوہر اور دیگر سسرالیوں آگ لگا کر قتل کیا۔

 ان الزامات کے بعد نرودھا کے سسرالیوں نے پولیس کے سامنے اپنا ابتدائی موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ  آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں بلکہ گیس سلینڈر سے لگی تھی۔

 پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ جس طرح آگ لگی ہے، وہ شارٹ سرکٹ کی نہیں ہوسکتی۔ کچھ لوگ واقعہ کو خودسوزی بھی قرار دے رہے ہیں۔

 نرودھا کے سسرالیوں کے بدلتے بیانات اور پڑوسیوں کے موقف نے واقعہ کو اور بھی مشکوک کردیا ہے ۔

Sindhسندھیمٹھی