معمولی مچھر کے باعث عادی مجرم پکڑا گیا

بیجنگ: معمولی مچھر کے باعث عادی مجرم قانون کی گرفت میں آگیا۔ چینی پولیس نے دیوار پر پیسے گئے خون بھرے مچھر پر تفتیش کرکے ملزم پکڑا اور اب اس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
چین میں ایک اپارٹمنٹ میں ڈکیتی کے بعد دیوار پر بھینچ کر مارے گئے مچھرکے خون سے پولیس اصل مجرم تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
اگرچہ یہ ایک فلمی منظر لگتا ہے لیکن ٓصوبے فیوجیان کے شہر فیوزاؤ کی بلند عمارت ایک فلیٹ میں چوری کی واردات ہوئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کے جائزے میں دیگر اشیا کے ساتھ دیوار پر مارےگئے ایک مچھر کو دیکھا جس کا خون بظاہر تازہ تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مجرم بالکونی پر چڑھ کر اپارٹمنٹ میں گھسا اور ایک رات وہاں گزاری اور اسی نے مچھر کو دیوار پر پیس دیا تھا۔ باورچی خانے میں نوڈلز اور تلے ہوئے انڈے کی باقیات بھی ملیں جب کہ چور نے اسٹور سے تکیہ اور لحاف نکالا اورجاتے وقت بستر پر چھوڑ گیا۔
ڈی این اے کا تجزیہ کیا گیا تو چائی نامی شخص کا سراغ ملا جو عادی مجرم ہے اور ضمانت پر باہر تھا۔ پولیس نے اسے فوری زیر حراست لیا اور تفتیش کے دوران اس نے اپنے باقی مجرم ساتھیوں کےنام بھی بتادیے۔ اب پولیس اس پر مزید تفتیش کررہی ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مچھر نے اپنی موت کا بدلہ لے لیا ہے۔

arrestchinadacoitsMosquitoRevenge for killer