اسٹاک ہوم: سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کے ناپاک واقعات کے بعد ایک مسجد پُراسرار انداز میں لگنے والی آگ میں جل کر شہید ہوگئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن کے مشرقی ضلع آربی میں قائم ایک مسجد کی اوپری منزل میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ آتش زدگی کے وقت مسجد بند تھی اور اندر کوئی موجود نہیں تھا۔
مسجد کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی کہ واقعے سے قبل ہمیں دھمکیوں اور جسمانی حملوں کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ آتش زنی کا حملہ تھا۔
مقامی پولیس کے ریکارڈ سے بھی مسجد کے ترجمان کے دھمکیوں اور جسمانی حملوں کے دعوؤں کی تصدیق ہوتی ہے۔ لگتا ہے مسجد کو جان بوجھ کر آگ لگائی گئی۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا۔ آتش زدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ مسجد کی عمارت مکمل طور پر جل گئی۔
سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کے کئی واقعات کے بعد اب مسجد میں آتش زدگی سے ملک میں آباد 6 لاکھ مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہوگئے۔