ملک بھر میں جون میں معمول سے زائد بارشیں متوقع

کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک میں جون سے اگست تک مون سون بارشوں کے حوالے سے آؤٹ لک جاری کردیا۔
رواں سال جون سے اگست کے دوران مون سون میں ملک کے بیشتر مقامات پر معمول اور معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔ معمول سے زائد بارشوں کا زیادہ امکان وسطی اور شمالی پنجاب میں ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے جنوبی سندھ میں بھی معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جب کہ بلوچستان میں بھی معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔ کے پی کے اور گلگت بلتستان میں معمول کے مطابق بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زائد درجہ حرارت کے باعث بالائی خیبر پختون خوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں برف پگھلنے کا عمل تیز ہوسکتا ہے۔ ملک کے اکثر مقامات پر جون کے آغاز میں دن میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہے گا۔ بارش کے بعد درجہ حرارت معمول پر آجائے گا۔
مون سون کے دوران آندھی اور تیز ہوائیں چلیں گی جب کہ زائد بارشوں کے باعث دریاؤں میں سیلابی صورت حال ہوسکتی ہے۔ شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ کوہ سلیمان سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی سیلابی ریلوں کا امکان ہے۔

 

ExpectedHeavy Rain in PakistanJuneprediction