لاہور: پرتگالی سپر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جس میں انہیں ایک مخصوص انداز میں رافیل طیارہ گرنے کا مذاق بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو چند ماہ قبل ایک میچ کے دوران بنائی گئی تھی، جس میں رونالڈو کو ہاتھ سے ہوائی جہاز اُڑا کر اسے نیچے گراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے یہ ویڈیو اپنے ذاتی ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی، جو سوشل میڈیا صارفین میں تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کرکٹ میچ کے دوران بھارتی شائقین کی جانب سے کسے گئے جملوں کے جواب میں حارث رؤف نے رافیل گرنے کا انداز اپنا کر جواب دیا تھا، جو بعد ازاں ایک وائرل میم بن گیا۔
حارث نے ہاتھ کو ہوائی جہاز کی مانند فضا میں اُڑایا اور پھر نیچے گرتے ہوئے دکھایا، جس پر بھارتی شائقین شدید برہم ہوگئے تھے۔