راولپنڈی: مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنادیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں نے 6 ستمبر کو علی الصبح مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خوارجی خودکُش بمبار مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے چوکس اور پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیا۔