لاہور: مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانوں سے جانوروں والا سلوک کررہا ہے اور ہمیں پتا ہے کہ اُس کشمیر میں کیا حالات ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں اور اس کے منفی عزائم سے اس کے تمام ہمسایوں کو خطرہ ہے، بھارت نے خطے میں افراتفری پھیلا رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کی دہشت گردی سے دنیا کو آگاہ کررہے ہیں، پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت ایک ایک کرکے گنوائے ہیں، پاکستان خطے میں امن و خوش حالی کے لیے کوشاں ہے اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانوں سے جانوروں والا سلوک کررہا ہے، ہمیں پتا ہے کہ کشمیر میں کیا حالات ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہدف خطے میں امن کا قیام ہے اور اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے، پاکستان کا بیانیہ اکنامک سیکیورٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پاکستان کی سفارت کاری کا حصہ ہے کیونکہ 90 فیصد خبریں پاکستان کے لوکل میڈیا سے اٹھا کر لگائی جاتی ہیں۔