معمولی ورزش سے کولیسٹرول میں کمی لانا ممکن

ایکسیٹر: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ بچے جو جسمانی طور پر غیر فعال ہوتے ہیں، ان کے بعد کی زندگی میں دل کے دورے یا فالج میں مبتلا ہونے کے اندیشے زیادہ ہوتے ہیں، لیکن معمولی سی ورزش سے ان خدشات کو ختم کیا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بچپن میں سستی اور کاہلی بڑی عمر تک کولیسٹرول کی مقدار میں دو تہائی اضافہ کرسکتی ہے، جو نتیجتاً قلبی مسائل اور قبل ازوقت موت کا سبب بن سکتی ہے۔
بچپن میں کولیسٹرول کی بلند سطح کو بعد کی زندگی میں قلبی مرض سے ہونے والی قبل ازوقت موت کے ابتدائی اشاروں سے جوڑا جاتا ہے۔
لیکن حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ معمولی سی جسمانی سرگرمیاں جیسے کہ چلنا یا گھر کے کام کرنا ان خطرات کو یکسر ختم کرسکتی ہیں۔
تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا کہ مذکورہ بالا اقسام کی سرگرمیاں معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں کی نسبت زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتی ہیں۔
یونیورسٹی آف ایکسیٹر سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر اینڈریو اگبیج کے مطابق تحقیق کے نتائج ہلکی جسمانی سرگرمیوں کی صحت کے حوالے سے اہمیت کو واضح کرتے ہیں اور یہ بتاتے ہیں کہ یہ سرگرمیاں ابتدائی زندگی میں کولیسٹرول کی مقدار میں اضافے اور ڈسلیپیڈیمیا سے بچانے میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔

CholesterolModerate ExerciseNew Research