پرائیڈ آف پرفارمنس کے بعد عدنان کا سینس آف ہیومر لیول بہت کم ہوگیا، مشی خان

کراچی: سینئر اداکارہ مشی خان نے عدنان صدیقی کے مکھیوں اور خواتین سے متعلق دیے گئے حالیہ بیان کے بعد اُن پر سخت تنقید کی ہے۔
مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا۔ جس میں اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ عدنان صدیقی کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جس پر مجھے بہت خوشی ہوئی تھی لیکن اُنہوں نے حال ہی میں ایک شو کے دوران ایسی بات کردی جسے سُن کر مجھے بہت حیرت ہوئی۔
مشی نے کہا کہ اتنا بڑا ایوارڈ ملنے کے بعد عدنان صدیقی کو کیا ہوگیا، یہ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد انسان کا مذاق بھی شاندار ہونا چاہیے لیکن اگر آپ ایسا مذاق نہیں کرسکتے تو آپ کو نچلی سطح کا مذاق کرنے کے بجائے نارمل بات کرنی چاہیے۔
اُنہوں نے عدنان صدیقی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ خواتین کا مکھیوں سے موازنہ کرکے کون سی مثال دے رہے ہیں؟ آپ کو اپنے شاندار کام کی وجہ سے صدارتی ایوارڈ ملا جس کے بعد آپ کے سینس آف ہیومر کا لیول بلند ہونا چاہیے لیکن یہ تو بہت کم ہوگیا ہے۔
مشی خان نے مزید کہا کہ دورانِ شو میزبان ندا یاسر نے تو عدنان صدیقی کی مثال پر لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا لیکن اگر یہ مثال میرے شو میں دی گئی ہوتی تو میں شہد کی مکھی بن کر عدنان صدیقی پر ایسے بیٹھتی کہ منہ پر سوجن ہوجاتی اور پھر وہ سوجن دوائی سے ہی ختم ہوتی۔
خیال رہے کہ عدنان صدیقی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے کڑی تنقید کرتے ہوئے اُنہیں گھٹیا اور بیہودہ انسان قرار دیا تھا۔
بعدازاں، عدنان صدیقی نے اپنے بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہوں نے وہ بات مزاحیہ انداز میں کہی تھی، اُن کا ارادہ کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔

 

Adnan siddiquiControversial statement abour femalesMishi Khantroll