اسلام آباد: کشمیری رہنما مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے اصل رہنما جیل میں ہیں اور ہندوستان کشمیریوں پر بندوقیں تان کر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلا رہا ہے۔
حریت رہنما یاسمین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مودی کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی ہر روز نیا ڈرامہ پرفارم کرتے ہیں اور آج مودی کو اچانک کشمیر کی یاد آ گئی۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کر کے کشمیریوں کا بنیادی حق چھین لیا۔ اب کشمیریوں کے اصل رہنما جیل میں بند ہیں لیکن ہندوستان کشمیریوں پر بندوقیں تان کر اے پی سی بلا رہا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کی تحریک کے اصل رہنماؤں کو جیل میں قید کر کے تشدد کیا جا رہا ہے اور عوام کو گھروں میں یرغمال بنایا ہوا ہے جس کے بعد اے پی سی بلانے کا مقصد سمجھ سے باہر ہے۔
انہوں ںے کہا کہ مودی کیا سمجھتے ہیں کہ دنیا اندھی، بہری، گونگی ہوگئی ہے کیا وہ نہیں سمجھتے کہ ہندوستان کی سرکار نے دو سال قبل مقبوضہ کشمیر کو قبرستان بنانے کا منصوبہ بنایا ہوا تھا۔ اس طرح اے پی سی بلانا سال کا سب سے بڑا مذاق ہے