اسلام آباد: سرحد پار سے حملوں اور کرکٹ میچ کے دوران بدتمیزی اور مار پیٹ کے واقعات کا معاملہ پاکستان نے افغان حکومت کے ساتھ اٹھادیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سرحد پار سے ہونے والے حملے میں 3 جوانوں کی شہادت کا معاملہ افغان حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے، ہم نے واضح کیا کہ افغان انتظامیہ ایسے واقعات کا سدباب کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کے دوبارہ نہ ہونے کو یقینی بنائے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں کرکٹ میچ کے دوران بدتمیزی اور مارپیٹ کے واقعات پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے دوست عوام کے درمیان ایسے واقعات کی گنجائش نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی فلیش اپیل 160 ملین ڈالرز کی تھی، فلیش اپیل کے جواب میں اس اپیل کے 70 فیصد کے قریب امداد کے اعلانات کیے گئے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق امداد مختلف طریقوں، کیش، براہ راست اقوام متحدہ کو اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو فراہم کی جارہی ہے۔