لاہور: مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہم نے 12 ویں نمبر کی ٹیم کو نہیں بلکہ جنوبی افریقا کو شکست دی ہے، لیکن جیت کے باوجود خامیوں پر نظر ہے۔
جنوبی افریقا سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پر ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ جیت جیت ہو تی ہے، جیت کے لیے ہمیں فائٹ کرنا پڑی لیکن ہم کوئی نمبر 12 کی ٹیم کے ساتھ نہیں کھیل رہے تھے بلکہ جنوبی افریقا کا مقابلہ کررہے تھے، اس سے قبل ہم جنوبی افریقا سے کتنی سیریز جیتے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا درست ہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم میں بڑے پلیئرز نہیں تھے لیکن ان کے بعد یہ افریقا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی پلیئرز ہیں، ان کے خلاف جس طرح فائٹ کرکے دو میچز میں کامیابی حاصل کی گئی، اس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کیا، نتائج ہمارے کنٹرول میں نہیں اور نہ ہمارے کنٹرول میں یہ ہے کہ بورڈ نے ہمیں کب تک رکھنا ہے، ہماری توجہ میچز پر ہوتی ہے اور اہم بات یہ کہ ہم سیریز جیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، بیٹسمینوں کو اسپن بولنگ کھیلنے میں مشکل کا سامنا ہے، ورلڈکپ بھارت میں کھیلا جانا ہے، اسپن کے خلاف بیٹنگ اچھی کرنا ہوگی اور اس پر کام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ ابھی سر پر نہیں، اس میں ابھی وقت ہے اور اس دوران بہت میچز کھیلنے ہیں، ٹیم میں شاداب خان، عماد وسیم اور محمد حفیظ جیسے کھلاڑی نہیں تھے، ان کی واپسی ہونا ہے، اس کے علاوہ ابھی پی ایس ایل ہورہی ہے، پی ایس ایل کھیل کر کھلاڑیوں کو اپنی فارم سامنے لانے کا موقع ملے گا، اس طرح ایک اچھا پول بن جائے گا اور ہمیں کمبی نیشن بنانے میں آسانی ہوگی۔
مصباح الحق نے کہا کہ صرف افتخار احمد کو ہی نہیں چانسز دیے گئے اس کے علاوہ بھی کئی کھلاڑیوں کو چانس ملے، اب ان کے پاس پی ایس ایل کا موقع ہے، کھیلیں، پرفارم کریں اور سلیکشن کی دوڑ میں شامل رہیں۔