سینئر اداکار مرزا شاہی کورونا کے باعث چل بسے!

کراچی: معروف ٹی وی اداکار مرزا شاہی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
ٹیلی وژن انڈسٹری کے سینئر اداکار مرزا شاہی گزشتہ کئی روز سے بیمار تھے اور انہیں سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا تھا۔ اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا جس کے بعد سے وہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔
انہوں نے ایک حد تک اس مہلک مرض کا مقابلہ کیا لیکن وہ مکمل طور پر اس بیماری کو مات دینے میں کامیاب نہ ہوسکے اور انتقال کرگئے۔ جس کی تصدیق اُن کے اہل خانہ نے بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ مرزا شاہی نے سن 60ء کی دہائی میں مشرقی پاکستان کی فلمی صنعت سے اداکاری کا آغاز کیا، 1967 میں اداکار ندیم کی پہلی فلم ’’چکوری‘‘ میں کردار نگاری کی۔ انہوں نے بنگلادیش بننے کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی میں سکونت اختیار کی۔
انہوں نے 1971ء میں مشرقی پاکستان سے ہجرت کے بعد مالی مشکلات کی وجہ سے چھوٹے موٹے کام بھی کیے، بعدازاں پی ٹی وی کراچی سینٹر کے مختلف پرڈیوسرز کے ڈراموں کے ذریعے ازسرنو اداکاری کی۔ ’’ففٹی ففٹی‘‘ سمیت پی ٹی وی کے بیشتر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور انہیں اطہرشاہ خان کے ساتھ کامیڈی ڈرامہ سیریل ’ ہائے جیدی‘ سے بھی شہرت ملی۔ انہوں نے کچھ عرصہ قبل تک پرائیویٹ ڈرامہ پروڈکشن میں بھی کردارنگاری کی۔

Covid 19DeathMirza Shahi