کراچی: مرزا اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ زوہیب حسن نے نجی ٹی وی چینلز کو دیے گئے انٹرویو میں مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے اور توہین آمیز لہجے میں باتیں کرتے رہے۔
مرزا اشتیاق بیگ کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ نازیہ حسن لمبے عرصے تک کینسر میں مبتلا رہیں لیکن زوہیب حسن نے انٹرویو میں نازیہ حسن کی موت کو غیر فطری قرار دیا۔
دائر دعوے میں کہا گیا ہے کہ نازیہ حسن کے انتقال سے متعلق برطانوی حکام کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ موجود ہے لیکن اس کے باوجود نازیہ کے بھائی زوہیب حسن ان کے خلاف توہین آمیز اور حقائق کے برعکس باتیں کررہے ہیں لہٰذا زوہیب حسن کو ان کے خلاف بیان بازی سے روکا جائے۔
مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے دائر درخواست میں زوہیب حسن سے اپنے بیان پر معافی مانگنے اور ایک ارب روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔