آتش فشاں کے لاوے سے محفوظ رہنے والا حیرت انگیز مکان

میڈرڈ: آج کل ایسے ’معجزاتی مکان‘ کا سماجی ذرائع ابلاغ پر خوب چرچا ہے، جسے چاروں طرف سے آتش فشاں کے گرم لاوے نے گھیر رکھا ہے، لیکن پھر بھی وہ اپنی جگہ بالکل صحیح سلامت موجود ہے۔
اسپین کے جزیرے لاپاما میں لکڑی سے بنا ہوا یہ مکان واقع ہے، جہاں گزشتہ دنوں ’کمبرے وئیہا‘ آتش فشاں پھٹ پڑا تھا اور اس سے نکلتے ہوئے گرم لاوے نے پورے جزیرے کو گھیر لیا تھا۔
خیال رہے کہ شمالی بحرِ اوقیانوس میں افریقی ساحل سے کچھ دوری پر کئی جزیروں کا ایک سلسلہ ’کینیری آئی لینڈز‘ ہے، جس پر اسپین کی حکومت ہے۔ ’لاپاما‘ اِن ہی جزیروں میں سے ایک ہے۔
آتش فشاں کمبرے وئیہا کے لاوے سے پھیلنے والی تباہی اتنی شدید اور بھیانک تھی کہ وہاں رہنے والے 6 ہزار سے زائد افراد کو ہنگامی طور پر یہ جزیرہ خالی کرنا پڑا۔
بعدازاں امدادی ٹیموں نے جب ہیلی کاپٹر سے اس علاقے کا جائزہ لیا تو انکشاف ہوا کہ پورے لاپاما جزیرے میں یہ واحد مکان بالکل صحیح سلامت تھا جب کہ اردگرد کے پورے جزیرے پر لاوے کی سیاہی مائل تہہ موجود تھی۔
خبروں سے معلوم ہوا کہ یہ مکان ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے ایک ریٹائرڈ جوڑے کی ملکیت ہے جو سال میں کئی بار قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے یہاں آتا رہتا ہے۔
البتہ، پچھلے سال کورونا وبا شروع ہونے کے بعد سے اب تک وہ میاں بیوی یہاں نہیں آئے اور یہ مکان بھی تب سے خالی پڑا ہے۔
اسپین کے میڈیا نے بھی سارے جزیرے پر مکمل تباہی کے باوجود اس مکان کے مکمل طور پر محفوظ رہ جانے کو ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا ہے۔
اسی لیے سوشل میڈیا صارفین نے بھی اسے ’معجزاتی مکان‘ کا نام دے دیا ہے۔

miracle housespain