لاہور میں شدید اسموگ کے باعث کروڑوں بچے متاثر

لاہور: لاہور میں موسم بدلتے ہی شدید اسموگ کا راج ہے، جس سے کروڑوں بچے متاثر ہورہے ہیں۔
حال ہی میں یونیسیف نے لاہور میں اسموگ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پانچ سال سے کم عمر 1 کروڑ سے زائد بچے زہریلی فضا کا شکار ہیں کیونکہ پنجاب خصوصاً لاہور گزشتہ چند ہفتوں سے شدید اسموگ کی لپیٹ میں ہے۔پانچ سال سے بڑے بچے بھی بڑی تعداد میں اسموگ کے باعث متاثر ہیں اور اُن کی تعداد کروڑوں میں بتائی جاتی ہے۔
پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فاضل نے صحت کے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہوا کا خراب معیار چھوٹے بچوں اور حاملہ خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کررہا ہے۔
لاہور اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہر گزشتہ دو ہفتوں سے زہریلے اسموگ کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات کے باوجود درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ہوا میں آلودگی کی سطح بڑھ رہی ہے۔
اس صورت حال کی وجہ سے سیکڑوں افراد اسپتال میں داخل ہوگئے ہیں، جن میں درجنوں بچے بھی شامل ہیں جب کہ فضائی آلودگی اس قدر شدید ہے کہ اب یہ خلا سے بھی نظر آنے لگی ہے۔
صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام نے گزشتہ ہفتے لاہور میں تمام بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی تھی جس میں اسکولوں کی بندش اور پارکوں اور دیگر کھلے عوامی مقامات پر داخلے پر پابندی شامل تھی۔

Millions of Children AffectedSmog in PunjabStreamlyUnicef