فوجی دستے ڈی چوک پہنچ گئے، شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران انتشار سے نمٹنے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں فوج طلب کرلی گئی۔
وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں فوج کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بلایا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آرمی کو کسی بھی علاقے میں امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کیلئے کرفیو لگانے کے اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں۔
شاہراہ دستور پر پارلیمنٹ ہاؤس سمیت تمام اہم عمارتوں پر فوج تعینات ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو انتشار پھیلانے والوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھادی تھی، جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید جب کہ 5 رینجرز اور 2 پولیس کے جوان بھی شدید زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز کے 4 اور پولیس کے 2 جوان شہید ہوچکے ہیں جب کہ اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوچکے ہیں، جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔

Military TroopsOrder to Shoot Miscreants on SightPTI ProtestReach D Chowk