دبئی: متحدہ عرب امارات میں کلاس 10 اور کلاس 12 کے بورڈ امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں، جس کی وجہ خطے میں جاری جغرافیائی سیاسی کشیدگی بتائی گئی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورت حال کے جائزے اور حکام سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ کونسل نے بتایا کہ اس معاملے پر KHDA کے سی ای او اور دبئی میں انڈیا کے قونصل جنرل سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا گیا۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ 2 مارچ 2026 کو ملتوی کیے گئے امتحانات، جو بعد میں 6 اپریل تک دوبارہ شیڈول کیے گئے تھے، اب متحدہ عرب امارات میں تمام امتحانی مراکز کے لیے منسوخ ہوچکے ہیں۔
سی آئی ایس سی ای نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ خطے کی سیکیورٹی صورت حال اور امتحانات میں شامل طلبہ، عملے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی حفاظت اور بھلائی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
امتحانات کی منسوخی کے بعد کونسل نے کہا ہے کہ طلبہ کے نتائج اب متبادل تشخیصی نظام کے تحت طے کیے جائیں گے۔ نوٹس کے مطابق دسویں اور بارہویں کلاس 2026 کے نتائج متحدہ عرب امارات کے امیدواروں کے لیے متبادل تشخیصی میکانزم کے ذریعے تیار کیے جائیں گے، جس کی تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
مزید یہ کہ کونسل نے طلبہ کے خدشات دُور کرنے کے لیے کہا کہ نتائج کے اعلان کے بعد جو طلبہ اپنے نمبر سے مطمئن نہ ہوں، انہیں سال 2026 کے بہتری امتحان میں شریک ہونے کا موقع دیا جائے گا۔