میانوالی: پاک فضائیہ کے ٹریننگ ایئر بیس پر دہشت گرد حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے میانوالی ٹریننگ ایئربیس پر ایک ناکام دہشت گرد حملہ ہوا، جسے الحمدللہ سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور موثر جواب کی بدولت ناکام بنادیا گیا، اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔
غیر معمولی جرأت اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
حملے کے دوران پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے تین غیر آپریشنل طیاروں اور ایک فیول باؤزر کو کچھ نقصان پہنچا۔
پی اے ایف ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کرکے تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔